
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے آرمینیا کے ساتھ جامع اسٹریٹجک شراکت داری دستاویز کو حتمی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران علاقائی راہداری منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دیتا ہے۔
تہران میں آرمینیائی وزیر دفاع سورن پاپیکیان کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر پزشکیان نے کہا کہ توانائی، نقل و حمل اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کے حالیہ دورۂ یریوان کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد ایران کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اس موقع پر آرمینی وزیر دفاع نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط، مستحکم اور ترقی پذیر قرار دیا اور کہا کہ آرمینیا ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کے موجودہ رجحان کو مثبت قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔
