
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شام میں جاری بدامنی اور کشیدگی کے دوران صوبہ لاذقیہ میں واقع جبلا کے نواحی علاقے میں جولانی انتظامیہ کے عناصر اور سابق حکومتی نظام سے وابستہ افراد کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جبلا کے اطراف کے دیہات پر جولانی انتظامیہ کے عناصر کی جانب سے کی گئی گولہ باری کے نتیجے میں متعدد عام شہری، جن میں خواتین بھی شامل ہیں، جاں بحق ہو گئے۔
اس سے قبل ایک شامی سیکیورٹی ذریعے نے اعلان کیا تھا کہ دہشت گرد تنظیم داعش کے عناصر نے رقہ شہر کے مغرب میں واقع السباہیہ چوکی پر جولانی انتظامیہ سے وابستہ اہلکاروں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم چار اہلکار ہلاک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق اس حملے میں جولانی انتظامیہ سے وابستہ دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
جولانی انتظامیہ کی وزارت داخلہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس علاقے میں مذکورہ اہلکاروں کے خلاف دوسرا حملہ ہے، اس سے ایک روز قبل بھی ایک حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک حملہ آور مارا گیا۔
اس سے پہلے دہشت گرد تنظیم داعش کی جانب سے جولانی انتظامیہ کو حملوں کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
