حماس رہنما کی عراقچی کو خط، غزہ جنگ بندی پر تفصیلی رپورٹ پیش

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حماس کی قیادت کونسل کے سربراہ، محمد درویش نے سیدعباس عراقچی کے نام ایک خط میں ماہ رمضان کی آمد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کی تازہ ترین صورتحال پر مفصل رپورٹ فراہم کی۔

محمد درویش نے اپنے خط میں اس بات پر زور دیا کہ حماس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کی ہے، تاہم اسرائیلی حکومت نے معاہدے کی کھلی اور سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں۔ انہوں نے فلسطینی علاقوں پر روزانہ حملوں، بالخصوص خواتین اور بچوں سمیت فلسطینی شہریوں کے قتل کا سلسلہ جاری رکھنے، فلسطینیوں کی گرفتاریوں، غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل پر سخت پابندیوں، رفح گزرگاہ کی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے اور فلسطینی شہریوں کی آمد و رفت محدود کرنے جیسے اقدامات کی نشاندہی کی۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ اسرائیل غزہ کی بنیادی تنصیبات کی بحالی کے عمل میں رکاوٹ ڈال رہا ہے اور ضروری تعمیر نو کی اجازت نہیں دے رہا۔

خط کے آخری حصے میں حماس رہنما نے ثالث ممالک اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو اس کے وعدوں کی پابندی پر مجبور کریں، جن میں فوری طور پر قتل و غارت گری اور فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی کا خاتمہ، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی، رفح گزرگاہ پر عائد پابندیوں کا خاتمہ، مسافروں کی آمد و رفت میں آسانی، ایندھن، آلات اور تعمیر نو کے لیے درکار مشینری کی اجازت، انسانی اصولوں کی پاسداری اور فلسطینی قیدیوں پر تشدد و بدسلوکی کا خاتمہ شامل ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *