سنیوکت کسان مورچہ اور ملک کی 10 سے زائد کسان تنظیموں کے ساتھ کئی مرکزی ٹریڈ یونینوں نے آج بھارت بند کا اعلان کرتے ہوئے ملک گیر عام ہڑتال شروع کر دی ہے۔ کئی اپوزیشن جماعتیں بھی اس احتجاج کی حمایت کر رہی ہیں۔ کسان اور مزدور تنظیمیں ہند-امریکہ عبوری تجارتی معاہدے، نئے لیبر کوڈ، بجلی بل 2025، بیج بل 2025 اور وی بی جی رام جی قانون 2025 کے خلاف سڑکوں پر نکلی ہیں۔
سنیوکت کسان مورچہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ احتجاج نیو لیبر کوڈ کو واپس لینے، بجلی اور بیج سے متعلق مجوزہ قوانین کو رد کرنے، وی بی جی رام جی قانون 2025 کو منسوخ کرنے، پرانی پنشن اسکیم بحال کرنے اور مزدوروں سمیت اسکیم کارکنان کے لیے کم از کم اجرت نافذ کرنے جیسے مطالبات پر مرکوز ہے۔ تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ زرعی مزدور یونینوں کا پلیٹ فارم اور نریگا سنگھرش مورچہ بھی اس احتجاج میں شریک ہیں۔
