ایران نے اپنے خط میں کہا ہے کہ امریکی صدر کے سوشل میڈیا بیانات براہِ راست ایران کے اندر احتجاج کو بھڑکانے کی کوشش ہیں۔ خط میں خاص طور پر اس پوسٹ کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں ڈونالڈ ٹرمپ نے خود کو ’ایرانی محبِ وطنوں‘ سے مخاطب کرتے ہوئے احتجاج جاری رکھنے، اداروں پر قبضہ کرنے اور مبینہ تشدد میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنے کی اپیل کی۔ ایران کا موقف ہے کہ اس طرح کے بیانات بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
ایرانی حکام نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکہ کی جانب سے تشدد پر اکسانے اور طاقت کے استعمال کی دھمکیوں کی کھلے لفظوں میں مذمت کرے اور ایسے اقدامات کو روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
