
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاسداران انقلاب کے نائب کمانڈر بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران مزاحمتی محاذ کی مکمل اور غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے مصلائے امام خمینی (رہ) میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ خدا پر بھروسے کے ساتھ مزاحمتی محاذ ترقی اور استحکام کے راستے پر گامزن ہے اور ایران اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ اس کی پشت پناہی کرتا رہے گا۔
احمد وحیدی نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی کا راستہ اور فکر پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ دشمنوں کی جانب سے حالیہ دھمکیوں کو انہوں نے خوف، مایوسی اور بے بسی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیانات مزاحمتی محاذ کی طاقت کے سامنے دشمن کی ناکامی کا ثبوت ہیں۔
واضح رہے کہ 31 دسمبر 2025 کو انقلاب اسلامی کے رہبر کے حکم پر جنرل احمد وحیدی کو پاسداران انقلاب کا نائب کمانڈر انچیف مقرر کیا گیا تھا۔
