کرغزستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھال لی

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کرغزستان کے صدر جاپاروف نے اپنی تاریخ میں چوتھی بار ایس سی او کی صدارت سنبھالنے پر تبصرہ کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا کہ کرغزستان 2026 میں شنگھائی تعاون تنظیم کی اپنی صدارت کے دوران تنظیم کے مالیاتی میکانزم کو تیار کرنے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر توجہ مرکوز کرے گا۔ 

جاپاروف نے کہا کہ ایس سی او کے 25 سال؛ پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی، کرغزستان کی صدارت کا نعرہ ہوگا، جس میں اولین ترجیح معاشی تعاون کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہے۔ اس تناظر میں، کرغزستان تنظیم کے لیے ایک مؤثر مالیاتی میکانزم قائم کرنے کے مسئلے کو تیزی سے حل کرنے کی تجویز دیتا ہے، جس میں ایس سی او ڈویلپمنٹ بینک، ایس سی او ڈویلپمنٹ فنڈ اور انویسٹمنٹ فنڈ کا قیام شامل ہے، تاکہ علاقائی معاشی انضمام میں مدد مل سکے۔

صدر جاپاروف نے ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور انفراسٹرکچر کے مسائل پر گہری توجہ دینے کی تجویز دی اور کہا کہ کرغزستان کی صدارت بین الاقوامی کوریڈورز اور ریل کی آمد و رفت کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے کے لیے کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے کی تجویز دیتی ہے، جس میں نئے ٹرانسپورٹ روٹس کی ایجاد اور ایس سی او رکن ممالک کی ٹرانزٹ صلاحیتوں کا مؤثر استعمال بھی شامل ہے۔

رواں سال کرغستان سکیورٹی خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کو جاری رکھے گا۔ یہ بنیادی طور پر دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے خلاف مزاحمت کے بارے میں ہے۔ جباروف نے نوٹ کیا کہ اس حوالے سے بشکیک میں قائم ہونے والا ایس سی او سینٹر برائے انسدادِ بین الاقوامی جرائم اس مشترکہ مقصد میں اہم کردار ادا کرے گا۔

کرغزستان نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ ایس سی او کے رکن ممالک گرین اکانومی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے مشترکہ منصوبے تیار کر کے باہمی تعاون کو فعال کریں، کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتائج اب محض ایک تجریدی خطرہ نہیں بلکہ حقیقت بن چکے ہیں۔

صدر جاپاروف نے نشاندہی کی کہ اپنی صدارت کے دوران کرغزستان ایس سی او یوتھ ڈیجیٹل فورم منعقد کرنے کی تجویز پیش کرے گا اور تنظیم کے اندر ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے مشترکہ اقدامات میں تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے رکن ممالک کے ثقافتی اور کھیلوں کے وفود کو ورلڈ نومڈ گیمز میں شرکت کی دعوت دی جو خزاں 2026 میں منعقد ہوں گے۔ 

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *