
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رازی انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں منعقدہ تقریب میں یونیورسٹی حکام اور درجنوں ممالک سے تعلق رکھنے والے نئے بین الاقوامی طلباء نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایران یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے چانسلر ڈاکٹر نادر توکلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران کو فخر ہے کہ وہ دنیا بھر سے آنے والے ہونہار طلباء کی میزبانی کر رہا ہے۔
یونیورسٹی کی عالمی درجہ بندی اور کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر توکلی نے کہا کہ IUMS ملک کے ممتاز ترین تعلیمی مراکز میں سے ایک ہے جس نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہمیشہ نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اس معتبر یونیورسٹی کا حصہ بننے پر فخر ہونا چاہیے، یہاں ایرانی اور غیر ملکی طلباء کے درمیان کوئی تفریق نہیں برتی جاتی اور سب کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
چانسلر نے بین الاقوامی طلباء کے لیے فارسی زبان سیکھنے کو ایک ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ فارسی ایک قدیم اور مالا مال زبان ہے، جس پر عبور حاصل کر کے طالب علم ایرانی ثقافت اور تاریخ کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر طلباء کو یونیورسٹی کے مختلف شعبوں اور تحقیقی مراکز سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ ایران میں بین الاقوامی طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد تہران کی تعلیمی سفارت کاری کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جو پابندیوں کے باوجود سائنسی میدان میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو ظاہر کرتی ہے۔
