مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے مسیحی ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے نام ایک تہنیتی خط ارسال کیا ہے، جس میں انہوں نے حضرت عیسیٰ مسیح علیہ السلام کے یومِ ولادت، کرسمس اور نئے سال کی مبارکباد پیش کی ہے۔
قالیباف نے اپنے پیغام میں تحریر کیا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا پیچیدہ چیلنجز اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کا سامنا کر رہی ہے، الہامی مذاہب کے درمیان مکالمے اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ ہمیں پرامن بقائے باہمی، انصاف اور انسانی وقار کے تحفظ جیسے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے عظیم انبیاء کی تعلیمات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ باہمی مکالمہ اور یکجہتی، عالمی سطح پر افہام و تفہیم کے فروغ اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تعمیری روابط استوار کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
