کولمبیا کے صدر کا بڑا فیصلہ، ملک میں اقتصادی ایمرجنسی کا اعلان

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کولمبیا کے صدر گوسٹاؤ پیٹرو نے ملک میں آئندہ 30 دن کے لیے اقتصادی ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، کانگریس کی جانب سے مالیاتی اصلاحات کے بل کو مسترد کیے جانے کے بعد صدر پیٹرو نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ملک کو سنگین مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اسی بنیاد پر حکومت نے ہنگامی اختیارات استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صدر نے ایک پیغام میں بتایا کہ ممکنہ مالی بحران کے پیش نظر ملک میں 30 روزہ اقتصادی ایمرجنسی نافذ کی جارہی ہے۔ اس صدارتی فرمان کے تحت حکومت کو یہ اختیار حاصل ہوجائے گا کہ وہ خصوصی ٹیکس عائد کرے، تاکہ آئندہ سال کے مالیاتی امور چلانے کے لیے درکار 41 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔ تاہم، ان ٹیکسوں کی نوعیت اور دائرۂ کار کے بارے میں ابھی کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔

یہ اقدام ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کولمبیا کی معیشت مجموعی طور پر بہتر ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ معاشی ماہرین کے اندازوں کے مطابق رواں سال کے اختتام تک ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں 2.6 سے 2.7 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *