[]
حیدرآباد: حیدرآباد کے پولیس کمشنر سندیپ شنڈالیہ نے پیر کے روز مرکز کے مسلح پولیس فورسس (سی اے پی ایف) کے ساتھ رابطہ اجلاس منعقد کیا۔
یہ اجلاس 30 نومبر کو ریاست میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات کی مناسبت سے منعقد کیاگیا۔ مرکز کی نیم فوجی فورسس‘ سٹی پولیس کے ساتھ مل کر انتخابات سے مربوط فرائض انجام دیں گی۔
شنڈالیہ نے سنٹرل آرمڈ پولیس فورسس کو انتہائی توجہ طلب(خطرناک) پولنگ اسٹیشنوں‘ فلائنگ اسکواڈ“ ڈیوٹیز کے بارے میں واقف کرایا اور کرٹیکل مقامات پر تیزی کے ساتھ نیم فوجی دستوں کی تعیناتی پر زور دیا۔
انہوں نے اے سی پیز کو ہدایت دی کہ وہ ان کے رہائش کے مناسب انتظامات کریں اور ان کے ساتھ مل کر کام کریں۔ سٹی پولیس کے سربراہ نے کہاکہ چیک پوسٹس پر انتہائی ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیناچاہئے تاکہ عوام کو تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔
قبل ازیں کمشنر رچہ کنڈا ڈی ایس چوہان نے بھی سنٹرل آرمڈ پولیس فورسس کے ساتھ اسی طرح کاایک اجلاس طلب کیا تھا۔ انتخابات کے دوران رچہ کنڈا کمشنریٹ کے حدود میں مقامی پولیس کی مدد کے لیے سی اے پی ایف کی 7 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ نیم فوجی دستوں کو مزید تعینات کیاجائے گا۔
چوہان نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہاکہ کمشنریٹ کے حلقہ جات اسمبلی میں مقامی پولیس کے ساتھ مرکزی فورسس کے جوان فلیگ مارچ کااہتمام کریں گے۔ احتیاطی اقدامات کے حصہ کے طور پر جرائم پیشہ عناصر کو باونڈ اوور کردیاگیا ہے۔ نقدی رقم‘شراب اور دیگر اشیاء کی غیر مجاز منتقلی کو روکنے کے لیے تلاشی مہم جارہی ہے۔