
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اربعین کی مرکزی انتظامیہ کی ثقافتی کمیٹی کے سربراہ حجت الاسلام حمید احمدی نے پانچویں عالمی اربعین کانفرنس کے عمومی اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ اربعین کانفرنس کے سابقہ ادوار سے نہایت مثبت اور قابل قدر نتائج حاصل ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پانچویں عالمی اربعین کانفرنس کا انعقاد اربعین سے وابستہ ثقافتی کارکنان کی آراء اور تجاویز سے بھرپور استفادہ کے لیے کیا جا رہا ہے اور گزشتہ برسوں میں اس نوعیت کے اجتماعات کے مفید نتائج سامنے آئے ہیں۔
حجت الاسلام حمید احمدی کے مطابق اس کانفرنس میں پاکستان سمیت ایران اور دنیا کے 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے مندوبین مختلف سطحوں پر شرکت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی کمیٹی کی سرگرمیاں 11 کمیٹیوں اور 20 ذیلی گروپوں کے ذریعے انجام دی جا رہی ہیں تاکہ شرکا کی تجاویز کو عملی شکل دی جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اجلاس کا بنیادی مقصد اربعین سے متعلق ایک جامع دستاویز کی تیاری ہے، جس میں تہذیبی اور سماجی پہلوؤں کو مرکزی حیثیت حاصل ہو گی۔
