لکھنؤ: بہوجن سما ج پارٹی(بی ایس پی)سپریمو مایاوتی نے مدھیہ پردیش کے سیدھی ضلع میں دلت قبائلی نوجوان پر پیشاب کئے جانے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حکومت کا حرکت میں آنا ان کی منشی پر سوال کھڑے کرتا ہے۔
مایاوتی نے بدھ کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا’مدھیہ پردیش کے ضلع سیدھی میں ایک قبائلی/دلت نوجوان پر مقامی دبنگ لیڈر کا پیشاب کرنے کا واقعہ انتہائی شرمناک ہے، اس غیر انسانی فعل کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہی حکومت کا بیدار ہونا ان کے ملوث ہونے کا ثبوت دیتا ہے، یہ بھی انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا’اس سلسلے میں، مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت متعلقہ مجرم کو بچانے اور اسے اپنی پارتی کا نہ بتانے وغیرہ کو چھوڑ کر اس مجرم کے خلاف نہ صرف این ایس اے بلکہ اس کی جائیداد کو ضبط اور منہدم کرکے کارروائی کرنی چاہئے اس طرح کے واقعات سب کو شرمندہ کرتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مدھیہ پردیش کے سدھی ضلع میں ایک قبائلی نوجوان پر پیشاب کرنے والے ملزم پرویش شکلا کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ سدھی پولیس نے ملزم نوجوان کو منگل کی رات دیر گئے اپنی تحویل میں لے لیاتھا۔ پولیس حراست میں لیے گئے ملزم سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ ملزم کا تعلق بی جے پی سے بتایا جاتا ہے۔