
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے بیلاروس میں منعقدہ انٹرنیشنل کانفرنس آن یوریشین سیکیورٹی سے خطاب کرتے ہوئے مجوزہ یوریشین سیکیورٹی چارٹر کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، منسک میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خطیب زادہ نے عالمی نظام میں جاری تغیرات، بڑی طاقتوں کی جانب سے بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی خلاف ورزی اور دنیا میں بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ خطے کے ممالک کو باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی امن اسی وقت ممکن ہے جب خطے کے ممالک مشترکہ بنیادوں پر سیکیورٹی کے نظام کو استوار کریں اور بیرونی مداخلت سے گریز کریں۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے دو روزہ کانفرنس میں شرکت کی جس میں چالیس ممالک کے تقریبا دو سو مندوبین شریک تھے۔ کانفرنس میں سات بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
افتتاحی اجلاس سے روس، ہنگری اور شمالی کوریا کے وزرائے خارجہ کے علاوہ اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرلز نے بھی خطاب کیا۔
