[]
رائے پور: چھتیس گڑھ میں عام اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 20 اسمبلی سیٹوں کے لیے گورنر وشوبھوشن ہری چندن کے آج نوٹیفکیشن جاری کرنے سے نامزدگی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ پروگرامز کے مطابق پہلے مرحلے کے لیے کاغذات نامزدگی 20 اکتوبر تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 21 اکتوبر کو ہوگی اور 23 اکتوبر تک نام واپس لیے جاسکتے ہیں۔ ووٹنگ 7 نومبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو کی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں پنڈاریا، کروردھا، خیر گڑھ، ڈوگر گڑھ، راج نندگاؤں، ڈوگرگاؤں، کُھجی، موہلا مان پور، انٹا گڑھ، بھانوپرتاپ پور، کانکیر، کیشکال، کونڈاگاؤں، نارائن پور، بستر، جگدل پور، چترکوٹ، دنتے واڑہ، کونٹا واڑہ اور بیجا پور سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ اس مرحلے کی سبھی 20 سیٹوں کے لیے اہم اپوزیشن پارٹی بی جے پی نےامیدواروں کا اعلان کر دیا ہے جب کہ حکمراں کانگریس نے ایک بھی سیٹ کے لیے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔عام آدمی پارٹی، جنتا کانگریس اور کچھ چھوٹی پارٹیوں نے بھی کچھ سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔