شاہی عیدگاہ مسجد کو کرشنا کی جائے پیدائش قراردینے سے انکار

[]

پریاگ راج (اترپردیش): الٰہ آباد ہائی کورٹ نے مفادِ عامہ کی ایک درخواست (پی آئی ایل) مسترد کردی ہے جس کے ذریعہ اترپردیش کے ضلع متھرا میں شاہی عیدگاہ مسجد کو کرشنا جنم بھومی قراردینے کی گزارش کی گئی تھی۔

چیف جسٹس پی دیواکر اور جسٹس اے سریواستو پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے ایک ایڈوکیٹ مہک مہیشوری اور دیگر کی جانب سے چہارشنبہ کے روز داخل کی گئی مفادِ عامہ کی درخواست پر یہ احکام صادر کئے۔ بنچ نے قبل ازیں 4 ستمبر کو اس کیس میں اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

پی آئی ایل کے ذریعہ شاہی عیدگاہ مسجد کو ہٹادینے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور الزام لگایا گیا تھا کہ یہ کرشنا کی جائے پیدائش پر تعمیر کی گئی ہے۔

درخواست گزار نے کہا تھا کہ یہ زمین ہندوؤں کے حوالہ کردی جائے اور کرشنا جنم بھومی جنم استھان اراضی پر مندر کی تعمیر کے لئے ایک مناسب ٹرسٹ بنایا جائے۔

ایک عبوری درخواست میں درخواست گزار نے یہ اجازت بھی مانگی تھی کہ ہندوؤں کو ہفتہ کے چند مخصوص ایام میں اور جنم اشٹمی تہوار کے دوران پوجا کرنے کی اجازت دی جائے جب تک کہ اس درخواست کی یکسوئی نہیں ہوجاتی۔

درخواست گزار نے عدالت کی زیرنگرانی محکمہ آثار ِ قدیمہ (اے ایس آئی) کی جانب سے ڈھانچہ کی کھدائی کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ عدالت نے چہارشنبہ کے روز درخواست کو مسترد کرنے کا اعلان کیا لیکن تفصیلی فیصلہ کا ہنوز انتظار ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *