[]
صدر جو بائیڈن کا پسندیدہ کتا دو سالہ جرمن شیپرڈ ‘کمانڈر’ اب وائٹ ہاوس میں نہیں ہے۔ حالیہ دنوں میں اس نے عملے کے کئی افراد اور سکیورٹی اہلکاروں کو کاٹ لیا تھا۔
امریکی صدر کے جرمن شیپرڈ کتے ‘کمانڈر’ نے حالیہ دنوں وائٹ ہاوس کے عملے کے کئی افراد اور سکیورٹی اہلکاروں کو کاٹ لیا تھا۔ امریکی خاتون اول جل بائیڈن کی ترجمان نے بتایا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کا کتا، کمانڈر، وائٹ ہاوس کے عملے اور امریکی سیکرٹ سروس کے افسران کو کاٹنے کے واقعات کے بعد اب وائٹ ہاوس میں نہیں ہے۔
خاتون اول کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر الزبتھ الیگزنڈر نے بدھ کے روز یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ صدر اور ان کی اہلیہ وائٹ ہاوس کے عملے اور ان کی حفاظت کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت کا بہت خیال رکھتے ہیں۔ الیگزنڈر نے ایک بیان میں کہا، “کمانڈر فی الحال وائٹ ہاوس کے کیمپس میں نہیں ہے اور اگلے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا، “صدر اور خاتون اول امریکی خفیہ سروس اور اس کے تما م افراد کے صبر اور حمایت کے لیے شکر گزار ہیں۔” الیگزنڈر نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ دو سالہ جرمن شیپرڈ کو کہاں بھیجا گیا ہے اور آیا یہ اقدام مستقل ہے۔
وائٹ ہاوس کا بیان
صدر بائیڈن کے کتے کمانڈر کو آخری بار ہفتے کے روز وائٹ ہاوس میں صدر کے نجی کوارٹر کی بالکونی میں دیکھا گیا تھا۔ کمانڈر کو وائٹ ہاوس سے بھیجنے کا اعلان وائٹ ہاوس کی پریس سکریٹری کیرین ژاں پیئر سے اس سوال کے بعد کیا گیا جس میں میں الزام لگایا گیا تھا کہ کتے نے وائٹ ہاوس کے عملے کے ایک شخص کو کاٹ لیا تھا۔
ژاں پیئر نے بتایا کہ کمانڈر اور وائٹ ہاوس کے ہیڈ گراونڈ کیپر ڈیل ہینی کھیل رہے تھے کہ کتے نے ان پر حملہ کردیا تاہم ان کے جلد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔ وہاں موجود ایک سیاح نے اس واقعے کی تصویر لے لی تھی اور ایک نیوز پورٹل کو دے دی جس نے اسے آن لائن شائع کردیا۔
امریکی سیکرٹ سروس نے اعتراف کیا ہے کہ اس کے گیارہ ایجنٹوں کو صدر کے کتے کمانڈر نے کاٹ لیا تھا۔ حالانکہ امریکی میڈیا کے مطابق اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ تھی اور کتے نے وائٹ ہاوس کے دیگر کارکنوں کو بھی کاٹ لیا تھا۔داخلی سکیورٹی ریکارڈز کے مطابق ایسے ہی ایک واقعے میں ایک زخمی اہلکار کو ہسپتال لے جانا پڑا تھا۔
کمانڈر نے سیکرٹ سروس کے ایک افسر کو 25ستمبر کو کاٹ لیا تھا۔ الیگزنڈر کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاوس گھریلو پالتوں جانوروں کے لیے دباو کا ماحول ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر بائیڈن اور ان کی اہلیہ کمانڈر کو سنبھالنے کے معاملے میں مدد کرنے کے طریقہ کار پر کام کررہے ہیں۔
کمانڈر دوسرا کتا جس نے عملے کو کاٹ لیا
خیال رہے کہ سیکرٹ سروس صدر اور ان کے خاندان نیز وائٹ ہاوس میں تعینات دیگر درجنوں افسران کو حفاظتی تحفظ فراہم کرتی ہے۔ کمانڈر وائٹ ہاوس میں بائیڈن کے کتوں میں سے دوسرا ہے جس نے جارحانہ سلوک کا مظاہرہ کیا ہے، وہ بھی جرمن شیپرڈ تھا۔ میجر نام کے اس کتے کو گذشتہ سال ڈیلاویئر بھیج دیا گیا تھا۔
کمانڈر کو صدر بائیڈن کے بھائی جیمز نے دسمبر 2021 میں انہیں تحفے میں دیا تھا۔ صدر بائیڈن اور ان کی اہلیہ کا پیارا کتا چیمپ سن 2021 میں 13سال کی عمر میں مرگیا تھا۔ ان کے پاس ویلو نامی ایک بلی بھی ہے۔
;