[]
ممبئی: چھوٹی سی اقلیت داؤدی بوہرہ برادری کی ممبئی اور ہندوستان میں سب سے بڑی مسجد کا افتتاح عمل میں آیا ہے۔ مشہور سیفی مسجد پہلی مرتبہ 1923 میں تعمیر ہوئی تھی۔ 100 سال عبادت کے بعد اسے 2023میں ری ڈیولپ کیا گیا۔
جنوبی ممبئی کے وسط بھینڈی بازار علاقہ میں اس مسجد کا افتتاح سیدنا مفصل سیف الدین نے پیر کی رات کیا۔ اس موقع پر داؤدی بوہروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اسی مقام پر 51 ویں سیدنا طاہر سیف الدین مرحوم نے 1926 میں پہلی مرتبہ مسجد کا افتتاح کیا تھا جہاں ان کے لڑکے سیدنا محمد برہان الدین مرحوم (52 ویں سیدنا) جنوری 2014 میں اپنے انتقال تک نماز پڑھاتے رہے۔
یہ دونوں موجودہ سیدنا کے والد اور دادا تھے۔ سیدنا کی ٹیم کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پرانی سیفی مسجد 1923 تا 1926 بنی تھی لیکن گزرتے وقت کے ساتھ وہ مخدوش ہوگئی تھی۔ اسے 2008 میں ڈھاکر ویسی ہی دوسری مسجد بعض جدید اختراعات کے ساتھ تعمیر کردی گئی۔
نئی مسجد کا طول 34.5 میٹر‘ عرض 26.7 میٹر اور بلندی 15.1 میٹر ہے۔ گراؤنڈ پلس 2 منزلوں میں 5 ہزار کی گنجائش ہے۔ بالائی منزلیں خواتین کے لئے مختص ہیں۔ بیرونی کامپلکس میں مزید 15 ہزار افراد سماسکتے ہیں۔ بیرونی حصہ رمضان‘ عیدالفطر‘ عید میلادالنبیؐ‘ محرم وغیرہ کے لئے موزوں ہے۔
سیفی مسجد کا طرزِ تعمیر ہندوستانی اسلامی اور کلاسیکل آرکیٹکچر کا امتزاج ہے۔ مسجد کے دونوں کونوں پر 2 بلند مینار دور سے دکھائی دیتے ہیں۔
پرانی مسجد میں برما ساگوان کی جس لکڑی کا استعمال ہوا تھا اسے نئی مسجد کے ستونوں‘ بیم‘ دروازوں‘ کھڑکیوں اور نقش و نگار والی گرل کے لئے ری سیکل کرکے استعمال کیا گیا۔ اندرونی دیواروں پر قرآنی آیات تحریر کرائی گئیں۔ گُل بوٹے بھی بنائے گئے۔