اپوزیشن کا الزام ہے کہ بہار میں انتخابی فہرستوں کی جانچ کے نام پر ایک منظم سیاسی سازش رچی جا رہی ہے، جس کا مقصد مخصوص طبقوں، بالخصوص دلتوں، اقلیتوں اور اپوزیشن حامیوں کے ووٹروں کے نام فہرست سے خارج کرنا ہے۔ کانگریس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ عمل جمہوریت پر ایک سنگین حملہ ہے۔
کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ پرمود تیواری نے کہا، ’’ہم سب اس سازش کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں ووٹرز کے نام انتخاب سے قبل کبھی نہیں ہٹائے گئے۔ یہ دراصل جمہوریت کی روح کو کچلنے کی کوشش ہے۔ جس طرح ہریانہ اور مہاراشٹر میں ووٹنگ کے حق پر ضرب لگائی گئی، ویسا ہی بہار میں بھی ہو رہا ہے۔‘‘
