[]
حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ ہائی کورٹ نے عبوری فیصلہ دیتے ہوئے اقامتی تعلیمی اداروں میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق تقررات عمل میں لانے کی ہدایت دی۔
کے سرینواس اور دیگر چھ افراد نے ریسڈنشیل اسکولس سوسائٹی ریکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے 5/ اپریل کو گروکل ڈگری، جونیر کالجس اور ریسڈنشیل اسکولس میں لکچررس، فزیکل ٹیچرس، لائبررینس، پی جی ٹیچرس، گریجویٹ ٹیچرس کے9026 عہدوں پر تقررات کے لئے جاری کردہ اعلامیہ کو ہائی کورٹ میں چیالنج کرتے ہوئے عرضی داخل کی تھی۔
اس عرضی پر آج جسٹس پی مادھوی دیوی کے اجلاس پر سماعت عمل میں لائی گئی۔ درخواست گزاردوں کے وکیل ایس چندریا نے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ تقررات میں خواتین، معذورین، سابق ملازمین (ایکس سرویس مین) و دیگر کیلئے تحفظات کی فراہمی پر راست عمل نہیں کیاجارہا ہے۔
دلائل سماعت کرنے کے بعد جسٹس مادھوی دیوی نے ان پانچ اعلامیوں سے مربوط عہدوں پر تقررات کیلئے راجیش کمار داریہ بنام راجستھان پبلک سرویس کمیشن مقدمہ میں سپریم کورٹ کی جانب سے دئیے گئے فیصلہ کے مطابق عمل کرنے کا عبوری فیصلہ سنایا۔
درخواست گزاروں کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات پر جواب داخل کرنے ریسیڈنشل انسٹی ٹیوشنس ریکروٹمنٹ بورڈ کے نام نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 16/ اکتوبر تک ملتوی کردی۔