تیسرا سوال نجی اسکولوں سے متعلق تھا۔ بھاردواج نے پوچھا کہ فیس میں غیر اعلانیہ اضافے کو واپس لینے کا حکم کب جاری ہوگا؟ چوتھا سوال ڈی پی ایس دوارکا اسکول میں بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات پر ایف آئی آر درج نہ ہونے کے تعلق سے تھا۔ انہوں نے پوچھا کہ اگر حکومت واقعی اس اسکول کو اپنے کنٹرول میں لینے جا رہی ہے، تو اب تک کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟
پانچواں سوال حکومت کی شفافیت کے تعلق سے کیا گیا۔ سوربھ بھاردواج نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت نے کئی عوامی فلاحی اسکیموں کو بند کر دیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ’فرشتے اسکیم‘ کا ذکر کیا، جس کے تحت سڑک حادثات میں زخمی افراد کو فوری علاج کے لیے مدد دی جاتی تھی۔ بھاردواج نے کہا کہ اس اسکیم کی بندش کی وجہ سے حال ہی میں ایک 9 سالہ بچے کی جان چلی گئی۔
