ڈھینڈسا کا سیاسی سفر ساٹھ کی دہائی سے شروع ہوا۔ انہوں نے 1972 میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کا الیکشن حلقہ دھانولا سے جیتا۔ بعد ازاں وہ 1977 میں سنّام، 1980 میں سنگرور اور 1985 میں دوبارہ سنّام سے اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ ان کی محنت اور سیاسی بصیرت کے باعث انہیں سابق وزیرِاعظم اٹل بہاری واجپئی کی کابینہ میں شامل کیا گیا، جہاں انہوں نے کیمیکل و فرٹیلائزر اور کھیل کے وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
ڈھینڈسا ایک طویل عرصے تک شریومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے ساتھ وابستہ رہے۔ پارٹی میں انہیں بزرگ رہنما اور سرپرست کے طور پر جانا جاتا تھا۔ تاہم، گزشتہ برس پارٹی کے اندرونی اختلافات کے باعث انہیں مخالفانہ سرگرمیوں کے الزام میں اکالی دل سے نکال دیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے شریومنی اکالی دل (ٹکاسالی) سے وابستگی اختیار کی اور دوبارہ سیاسی میدان میں فعال ہونے کی کوشش کی لیکن بیماریوں کے باعث وہ مکمل طور پر متحرک نہ ہو سکے۔
