[]
کولمبو: ویراٹ کوہلی (122 ناٹ آؤٹ) اور کے ایل راہول (111 ناٹ آؤٹ) کی سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے پیر کو ایشیا کپ کے سوپر 4 راؤنڈ میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف 357 رنز کا بڑا ہدف دیا۔
ہندوستانی ٹیم نے ریزرو ڈے پر مقررہ 50 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنائے۔ کوہلی نے اپنے کیریر کی 47ویں سنچری بنائی جبکہ راہول نے چھٹی سنچری بنائی۔ کوہلی نے پاکستان کے خلاف اپنی تیسری سنچری بنائی جبکہ راہول نے پاکستان کے خلاف پہلی ونڈے سنچری بنائی۔
اس دوران کوہلی اور راہول نے تیسری وکٹ کیلئے 233 رنز کی ناقابل شکست شراکت بناکر نیا ریکارڈ قائم کیا۔ کوہلی اور کے ایل راہول نے ایشیا کپ میں کسی بھی وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ کوہلی اور راہول نے 233 رنز کی شراکت داری کی۔
ان دونوں نے پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور ناصر جمشید کی جوڑی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ حفیظ اور جمشید نے 2012 کے ایشیا کپ میں ہندوستان کے خلاف 224 رنز کی شراکت داری کی تھی۔ سابق پاکستانی بلے بازوں شعیب ملک اور یونس خان کی جوڑی اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔
ملک اور یونس نے 2004 میں ہانگ کانگ کے خلاف 223 رنز کی شراکت داری کی تھی۔ پاکستان کے کپتان بابراعظم اور افتخار احمد نے جاریہ ایشیا کپ میں نیپال کے خلاف 214 رنز کی شراکت داری کی تھی اور یہ جوڑی اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔
ہندوستان کی ویراٹ کوہلی اور اجنکیا رہانے کی جوڑی ٹاپ 5 میں شامل ہے۔ دونوں نے 2014 کے ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف 213 رنز کی شراکت داری کی تھی۔ ایشیا کپ کی تاریخ میں ویراٹ کوہلی کے نام ایک منفرد کارنامہ بھی درج ہوگیا۔
کوہلی ایشیا کپ کی تاریخ میں ہندوستانیوں کی طرف سے کی گئی 7 سب سے زیادہ شراکت میں سے 4 کا حصہ رہے ہیں۔ کوہلی کے علاوہ کوئی بھی ہندوستانی بلے باز یہ کارنامہ دہرانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ کوہلی نے ایک اور نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ جب ہندوستانی ٹیم نے ونڈے میں 350 یا اس سے زیادہ رنز بنائے تو ویراٹ کوہلی سب سے زیادہ رن بنانے والے ہندوستانی بلے باز بن گئے۔
کوہلی 21 مواقع پر ٹیم کا حصہ تھے جب ہندوستان نے ونڈے میں 350 رنز کا سکور عبور کیا۔ کوہلی نے سابق کپتان ایم ایس دھونی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ دھونی 20 مواقع پر ٹیم کا حصہ تھے۔ اے بی ڈیویلرس اور ایان مورگن اس فہرست میں مشترکہ طورپر تیسرے نمبر پر ہیں۔ ڈیویلرس اور مورگن 19 مرتبہ ٹیم کے اسکور 350 یا اس سے زیادہ رنز بنانے میں شامل رہے۔