نظام آباد سرکاری دواخانہ میں ڈائیلاسیس مشین ناکارہ _  نئے مشین کی تنصیب لیکن خدمات میں تاخیر پر سید قیصر برہم ؛ مریضوں کو شدید پریشانی۔ موت کا ڈر 

[]

نظام آباد:9/ ستمبر (اردو لیکس)سرکاری دواخانہ نظام آباد میں ڈائیلاسیس سنٹر کا کوئی پرُ سان حاصل نہیں ہے گردہ ناکارہ ہوجانے سے ڈائیلاسیس کیلئے رجوع ہونے والے مریضوں کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے

 

ورنی اور جکران پلی سے تعلق رکھنے والے مریضوں نے سید قیصر قائد کانگریس پارٹی سے فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے ایک ماہ قبل یہ اطلاع دی کہ سرکاری دواخانہ کے ڈائیلاسیس سنٹر میں کوئی پرُ سان حال نہیں ہے۔ سید قیصر نے فوری دواخانہ پہنچ کر سپرنٹنڈنٹ پرتیما راج سے ملاقات کی اور ڈائیلاسیس سنٹر میں مریضوں کو بہتر اور تیز رفتار طبی خدمات فراہم کرنے پر زور دیا۔

 

ایک ماہ کا عرصہ گذر جانے کے باوجود ڈائیلاسیس سنٹر میں سہولتیں ندارد ہونے پر سید قیصر نے کل دوبارہ سرکاری دواخانہ پہنچ کر آرایم او طاہر ہ میڈم سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائیلاسیس مشینیں طلب کرلی جانے کے باوجود گردہ کے امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے طبی سہولتوں کا آغاز نہ کرنے پر استفسار کیا۔ آرایم او طاہرہ میڈم نے بتایا کہ عنقریب اعلیٰ قائدین کے ہاتھوں ڈائیلاسیس مشین کا افتتاح عمل میں لاتے ہوئے طبی خدمات کا آغاز کیا جائیگاجس پر سید قیصر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منتخبہ قائدین کی آمد کے انتظار میں گردہ کے امراض میں مبتلا مریضوں کی زندگی سے کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانگی دواخانوں میں غریب مریضوں کیلئے 4 ہزار روپئے فیس ادا کرنی پڑتی ہے کئی مریض اس کے اہل نہیں ہے۔ سرکاری دواخانہ میں طبی سہولتیں نہ ہونے سے ابھی تک کئی مریض کی موت واقع ہوچکی ہے

 

۔ سید قیصر نے فوری ڈائیلاسیس سنٹر میں طبی خدمات کا آغاز کرنے پر زور دیا اندرون 2تا 3 یوم ڈائیلاسیس مشین کے ذریعہ مریضوں کو طبی خدمات فراہم کرنے کا انتظامیہ نے تیقن دیا۔ سید قیصر نے سرکاری دواخانہ کے ڈائیلاسیس سنٹر پر جلداز جلد طبی خدمات کا آغاز نہ کرنے پر بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے کا انتباہ دیا

 

۔ایم پی جے نظام آباد ٹاؤن صدر محمد ظہیر نے سیاسی قائدین کے بجائے ضلع کلکٹر جیسے اعلیٰ عہدیدار سے ڈائیلاسیس مشین کا افتتاح عمل میں لاتے ہوئے طبی خدمات کا آغاز کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر سید قیصر کے ہمراہ ڈاکٹر سجاد، شیخ انور موجود تھے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *