
ممبئی (پی ٹی آئی) شیوسینا رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے ہفتہ کے دن دعویٰ کیا کہ سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا اور شیوسینا قائد ایکناتھ شنڈے سابق میں کانگریس میں شامل ہونا چاہتے تھے۔
سنجے راوت نے سال یا مہینہ نہیں بتایا تاہم انہوں نے کانگریس کے مرحوم قائد احمد پٹیل کا حوالہ دیا۔ انہو ں نے میڈیا سے کہا کہ مجھے پتہ تھا کہ کیا ہورہا ہے۔
احمد پٹیل اب اس دنیا میں نہیں ہیں لہٰذا میں مزید کچھ کہنا نہیں چاہتا۔ احمد پٹیل کا انتقال 25 نومبر 2020 کو ہوا تھا۔ سنجے راوت سے کریدکر پوچھنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے کہا کہ پرتھوی راج چوان (سینئر کانگریس قائد اور سابق چیف منسٹر) سے پوچھیں۔
پی ٹی آئی نے جب چوان سے ربط پیدا کیا تو انہوں نے کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا۔ ایکناتھ شنڈے کا ردعمل معلوم نہیں ہوسکا۔ مہاراشٹرا کانگریس کے سابق صدر نانا پٹولے نے ہولی تقاریب کے دوران یہ پیشکش کرکے ہلچل مچادی تھی کہ ڈپٹی چیف منسٹرس ایکناتھ شنڈے اور اجیت پوار اگر اپوزیشن اتحاد میں آجائیں تو انہیں باری باری چیف منسٹری مل سکتی ہے۔
اس بارے میں پوچھنے پر سنجے راوت نے کہا کہ سیاست میں کچھ بھی ناممکن نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایکناتھ شنڈے کا بال ٹھاکرے کے بھگوا پرچم سے کوئی لینا دینا نہیں۔ ایکناتھ شنڈے اور اجیت پوار بی جے پی کے جھنڈے ڈھورہے ہیں۔