جعلسازوں نے خاتون کو دھمکی دے کر اس کی دو ایف ڈی تڑوائی اور 29٫10 لاکھ روپے الگ الگ بینک کھاتوں میں جمع کرا لیے۔ ٹھگی کا احساس ہونے پر خاتون نے روہنی سائبر تھانے میں ایف آئی آر درج کرایا۔


سائبر فراڈ علامتی تصویر / آئی اے این ایس
ملک بھر میں سائبر ٹھگی کے معاملے مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے جس نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ دراصل سائبر ٹھگوں نے ایک 70 سال کی بزرگ خاتون کو منی لانڈرنگ کے معاملے میں پھنسانے کی دھمکی دے کر ممبئی سے دہلی تک پانچ دنوں تک ڈیجیٹل اریسٹ میں رکھا۔ اس دوران جعلسازوں نے خاتون کو دھمکی دے کر اس کی دو ایف ڈی تڑوائی اور 29.10 لاکھ روپے الگ الگ بینک کھاتوں میں جمع کرا لیے۔ جعلسازوں کے تیسری بار روپے مانگنے پر خاتون کو ٹھگی کا احساس ہوا تب اس نے روہنی سائبر تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی۔
دراصل متاثرہ آشا وادھوانی کے شوہر بھگن داس کا گزشتہ سال انتقال ہو چکا ہے۔ وہ روہنی سیکٹر 24 واقع فلیٹ میں اکیلے رہتی ہے۔ خاتون نے بتایا کہ وہ گزشتہ سال 5 دسمبر کو ممبئی میں رہنے والی اپنی ماں کے پاس کچھ دنوں کے لیے گئی تھی۔ اسی دوران 13 دسمبر کو ان کے موبائل پر انجان نمبر سے فون آیا۔ فون کرنے والے نے خود کو پولیس افسر بتایا۔ جعلساز نے خاتون کو بتایا کہ ان کے آدھار نمبر کا استعمال منی لانڈرنگ میں کیا گیا ہے۔ اس کے بعد شخص نے خاتون سے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے کہا۔ ایسا نہیں کرنے پر مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دی۔
ٹھگوں نے متاثرہ آشا وادھوانی سے فون پر بات کرتے وقت 9 نمبر دبانے کو کہا۔ اس کے بعد ایک دیگر نمبر سے وہاٹس ایپ ویڈیو کال آئی۔ اس میں شخص کی آواز سنائی دے رہی تھی لیکن وہ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ ٹھگ نے جانچ کے نام پر خاتون سے اس کی جائیداد کی تفصیل مانگی تو انہوں نے 3.8 لاکھ اور 25.3 لاکھ روپے کی دو ایف ڈی کی اطلاع دی۔ ٹھگوں نے 17 دسمبر کو پھر بزرگ خاتون کو فون کیا اور ان سے 3.8 لاکھ روپے کی ایف ڈی کو کیش کراکر اپنے بتائے بینک کھاتے میں جمع کرائے۔
متاثرہ نے بتایا کہ 18 دسمبر کو ٹھگوں نے دوبارہ ویڈیو کال کیا۔ پھر دوسری ایف ڈی کی رقم کو بھی اپنے بتائے بینک کھاتے جمع کرنے کو کہا۔ لیکن کاغذی کارروائی کی وجہ سے ایف ڈی ممبئی سے کیش نہیں ہو سکتی تھی، ایسے میں متاثرہ آناً فاناً میں 19 دسمبر کو ممبئی سے دہلی پہنچی۔ بینک میں جاکر 25٫3 لاکھ روپے کی ایف ڈی تڑوا کر رقم کو ٹھگوں کے کھاتے میں جمع کرا دیا۔
متاثرہ نے بتایا کہ ممبئی پہنچنے پر پھر سے ٹھگوں نے ویڈیو کال کرکے روپے کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد خاتون کو شک ہوا، تو انہوں نے اپنے داماد کو پورے واقعہ کے بارے میں جانکاری دی۔ اس کے بعد روہنی ساؑئبر تھانے میں ٹھگی کا معاملہ درج کرایا گیا۔
واضح رہے کہ ڈیجیٹل اریسٹ میں جعلساز غیر قانونی سامان کا پارسل بھیجے جانے، بینک اکاؤںٹ سے غیر قانونی ٹرانزیکشن یا پھر پارسل کے ذریعہ ڈرگ اسمگلنگ کیے جانے کی بات کہہ کر گرفتار کرنے کا خوف دکھاتے ہیں۔ ٹھگ جانچ افسر بن کر ویڈیو کال کرکے شخص کو اپنے گھر میں ہی قیدی بنا دیتے ہیں۔ ایسے میں سبھی لوگوں کو حالات سے بیدار ہونے اور ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کے ساتھ بھی اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہ آسکے۔