بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت کے ذریعہ پہلے جمنا کی گندگی صاف نہ کر کے جمنا میں سونیا وہار سے جگت پور تک 6 کلومیٹر تک کروز چلانے کی منصوبہ بندی کرنا واضح طور پر غلط سمت میں اٹھایا گیا ایک قدم ہے۔


دیویندر یادو / تصویر آئی این سی
نئی دہلی: دہلی کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے دہلی کی نومنتخب بی جے پی حکومت پر آج ایک بار پھر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تشکیل کے بعد بی جے پی صرف تقاریب اور پروگرام منعقد کر کے عوام سے کیے گئے وعدوں سے بھاگ رہی ہے۔ بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت کے ذریعہ پہلے جمنا کی گندگی صاف کو نہ کر کے جمنا میں سونیا وہار سے جگت پور تک 6 کلومیٹر تک کروز چلانے کی منصوبہ بندی کرنا، واضح طور پر غلط سمت میں اٹھایا گیا ایک قدم ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ حکومت کو دہلی کی لائف لائن جمنا کو پہلے صفائی کر کے دہلی کے لوگوں کو کافی مقدار میں پینے کا پانی فراہم کرنا چاہیے۔ یہی نہیں حکومت کو جمنا میں گر رہے دہلی کے نالوں سے گندے اور آلودہ پانی پر بھی دھیان دینا چاہیے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی جمنا میں کروز چلانے کے معاہدے کو حکومت کی کامیابی قرار دے کر ’ماحول دوست ٹرانسپورٹ سسٹم‘ کا حوالہ دے رہی ہے، جب کہ دہلی میں آلودگی پر قابو پانے اور ٹرانسپورٹ کے اہم ذرائع میں بہتری اور فروغ پر حکومت توجہ کیوں نہیں دے رہی ہے؟ خاص طور سے وزیر آباد سے اوکھلا بیراج تک 22 کلومیٹر کی جمنا میں آلودگی کو کم کرنے پر منصوبہ کیوں نہیں بنایا جا رہا ہے؟ بند پڑے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کو شروع کرنے اور ان کو بہتر کر نے پر حکومت کام کیوں نہیں کر رہی ہے؟ جب کہ یہ تمام تر مسائل براہ راست دہلی کے عوام سے جڑا ہوا ہے۔
علاوہ ازیں دیویندر یادو نے کہا کہ مرکزی حکومت کی ان لینڈ واٹر ویز اتھارٹی آف انڈیا، دہلی حکومت کا محکمہ آبپاشی اور سیلاب، دہلی جل بورڈ اور ڈی ڈی اے کے درمیان ہونے والے معاہدے کے مطابق دہلی حکومت کا محکمہ سیاحت، کروز کے لیے ٹینڈر نکالے گا، لیفٹیننٹ گورنر کا بیان کہ اگلے ماہ اپریل سے کروز چلیں گے، جلد بازی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر کیجریوال حکومت ایک سال قبل اس منصوبہ کو منظوری دیتی تو آج جمنا میں کروز شروع ہو جاتے۔ علاوہ ازیں دیویندر یادو نے کہا کہ گزشتہ 11 سالوں سے مرکزی حکومت جمنا کی صفائی کے سلسلے میں بیان بازی کر رہی ہے لیکن جمنا جس طرح سے نالہ بنی ہوئی ہے اس کی صفائی ایک ماہ میں ممکن نہیں ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ کہ بیشک جمنا میں کروز چلانے پر جمنا کے اس علاقے کی ترقی ہوگی لیکن سیاحت کوفروغ دینے کے لیے کروز چلانے سے ہونے والی گندگی کو ختم کرنے کے لیے حکومت نے منصوبے کا مکمل طور پر انکشاف کیوں نہیں کیا ہے؟ ساتھ ہی دیویندر یادو نے عآپ حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ جمنا کی صفائی کے نام پر کیجریوال حکومت نے اپنے مدت کار میں 6856 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں لیکن جمنا کی آلودگی اور آلودہ پانی کو صاف کرنے کے لیے کوئی ٹھوس کام نہیں کیا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ دہلی کے لوگوں کی بدقسمتی ہے کہ موجودہ حکومت بھی گزشتہ حکومت کی طرح کاموں کو عملی جامہ پہنانے سے زیادہ انہیں ایونٹ بنا کر شہرت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دہلی کے لوگوں نے جس امید کے ساتھ بی جے پی کو اکثریت دی تھی اس کے لیے ’دلّی ابھی دور‘ دکھائی دے رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔