[]
لاہور: میان آف دی میاچ حارث رؤف کی شاندار بولنگ اور سلامی بلے باز امام الحق کی ذمہ دارانہ بیاٹنگ کی مدد سے پاکستان نے ایشیاء کپ کے پہلے سوپر 4 میاچ میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔
پاکستان کو جیت کیلئے 194 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 39.3 اوورس میں 3 وکٹ کھوکر بنالئے۔ فاتح ٹیم کیلئے اوپنر امام الحق نے سب سے زیادہ 78 رن بنائے جس کیلئے انہوں نے 84 گیندوں میں پانچ چوکے اور 4 چھکے لگائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان 20 اور کپتان بابراعظم 17 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے بھی شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔ رضوان نے 79 گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 جبکہ آغا سلمان 12 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد‘ شریف الاسلام اور مہدی حسن میراز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے 193 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیش نے ابتداء میں محض 47 رنوں پر اپنے چار وکٹ گنوادیئے تھے تاہم کپتان شکیب الحسن اور مشفق الرحیم نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم موقف میں پہنچایا۔
شکیب اور مشفق الرحیم نے پانچویں وکٹ کیلئے 100 رنوں کی شراکت داری کی۔ شکیب الحسن 7 چوکوں کی مدد سے 53 اور مشفق الرحیم 5 چوکوں کی مدد سے 64 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم ایک موقع پر 190/6 کے ساتھ مستحکم موقف میں تھی تاہم اس نے اپنے آخری 4 وکٹ محض 3 رنوں کے اضافہ پر گنوادیئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر محمد نعیم 20‘ لٹن داس 16 اور شمیم حسین 16 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے حارف رؤف نے سب سے زیادہ 4 جبکہ نسیم شاہ نے 3 وکٹ حاصل کئے۔ سوپر 4 کا آئندہ میاچ ہفتہ 9 ستمبر کے روز بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔