راہل گاندھی سے ملاقات نے بدل دی سلطان پور کے رام چیت موچی کی تقدیر، جلد ہی لانچ کریں گے ’رام چیت موچی‘ نام کا برانڈ

حال ہی میں راہل گاندھی رام چیت کو لے کر ممبئی گئے تھے، جہاں انہوں نے رام چیت کی ملاقات ’چمار اسٹوڈیو‘ نام سے ایک ڈیزائن برانڈ چلانے والے سدھیر راجبھر سے کروائی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div><div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

اترپردیش میں سلطان پور کے موچی رام چیت اب کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی سے ہوئی ایک ملاقات نے ان کی زندگی بدل کر رکھ دی ہے، یا پھر یوں کہا جائے کہ ان کی قسمت کھل گئی ہے۔ انہیں مسلسل لوگوں کی جانب سے حمایت اور حوصلہ مل رہا ہے۔ اسی درمیان رام چیت موچی سے متعلق ایک اہم خبر سامنے آ رہی ہے۔ وہ اب ایک نئے برانڈ کی شروعات کرنے جا رہے ہیں۔ انھوں نے جانکاری دی ہے کہ وہ جلد ہی ’رام چیت موچی‘ نام کا برانڈ لانچ کرنے والے ہیں۔

رام چیت موچی کا خیال ہے کہ ان کی اس کامیابی میں راہل گاندھی کا اہم کردار رہا ہے۔ دراصل، راہل گاندھی ان کی دکان پر پہنچے تھے، ان سے جوتے بھی لیے تھے۔ گزشتہ ماہ راہل گاندھی نے انہیں دہلی میں 10 جن پتھ بلا کر ماں سونیا گاندھی اور بہن پرینکا گاندھی سے بھی ملاقات کرائی تھی۔ ملاقات کے دوران رام چیت نے اپنے ہاتھ سے بنائے ہوئے جوتے بھی دکھائے تھے اور کچھ بطور تحائف پیش بھی کیے تھے۔

راہل گاندھی نے رام چیت موچی کو جوتے بنانے میں مدد دینے والی ایک مشین بھی تحفے میں دی تھی۔ حال ہی میں راہل گاندھی رام چیت کو لے کر ممبئی گئے تھے، جہاں انہوں نے رام چیت کی ملاقات ’چمار اسٹوڈیو‘ کے نام کے ایک ڈیزائن برانڈ چلانے والے سدھیر راج بھر سے کروائی تھی۔ اس ملاقات سے 60 سال کے رام چیت کو کافی حوصلہ ملا۔ اب وہ خود کو ایک موچی کے طور پر نہ دیکھ کر ایک بزنس مین کے طور پر دیکھنے لگے ہیں۔

رام چیت بزنس مین سدھیر راج بھر کے آئیڈیا سے پوری طرح متاثر نظر آئے، جن کا کاروبار پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے۔ رام چیت نے کہا کہ ’’میں نے راج بھر کے یہاں نئے نئے ڈیزائن دیکھے، اس میں مشین سے بنے بیگ اور سینڈل بھی موجود تھے۔ راہل گاندھی اور سدھیر راج بھر نے میرے کام کی تعریف کی۔ ساتھ ہی مجھے آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔‘‘ رام چیت اب بیٹے کو اپنے بزنس میں تعاون کے لیے کام سکھا رہے ہیں، تاکہ وہ برانڈ بنانے اور اسے بہتر طریقے سے چلانے میں مدد کر سکے۔

قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد سے ہی رام چیت کا کاروبار کافی وسیع ہو گیا ہے۔ اس کے لیے انہوں نے کرائے پر ایک دکان بھی لی ہے۔ اسی دکان میں انہوں نے مشین لگائی ہے، اب وہ یہاں 3-2 کاریگروں کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ ساتھ میں ان کا بیٹا بھی یہاں ٹریننگ کرتا ہے۔ پہلے ان کی کمائی کافی معمولی ہوا کرتی تھی، اب ہر ماہ ان کی کمائی ہزاروں میں پہنچ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *