
سوڈان کے شہر اُمدرمان میں منگل کے روز ایک فوجی طیارہ رہائشی علاقہ میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 46 افراد ہلاک ہو گئے۔ ان میں فوجی اہلکار اور عام شہری شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (AP) کے مطابق، یہ انتونوف طیارہ، جو ایک یوکرینی کمپنی کا بنایا ہوا تھا، وادی سیدنا ایئربیس سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ فوج نے حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے لیکن حادثے کی وجوہات پر کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
سوڈان کی وزارت صحت نے بتایا کہ ہلاک شدگان کی لاشیں ناؤ اسپتال منتقل کی گئیں، جب کہ پانچ زخمی شہریوں کا علاج بھی کیا گیا، جن میں دو کم عمر بہن بھائی بھی شامل ہیں۔
سوڈان میں اپریل 2023 سے خانہ جنگی جاری ہے، جو فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے نتیجے میں شروع ہوئی۔ اس جنگ نے ملک کو تباہی سے دوچار کر دیا ہے، خاص طور پر شہری علاقوں میں۔ دارفور سمیت کئی علاقوں میں نسلی قتل عام اور اجتماعی زیادتیوں جیسے سنگین جرائم کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
اُمدرمان میں طیارہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب فوج اور RSF کے درمیان جھڑپیں شدت اختیار کر چکی ہیں۔ دونوں فریق ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ RSF نے دعویٰ کیا ہے
کہ انہوں نے ایک روز قبل جنوبی دارفور کے شہر نیالا میں فوجی طیارہ مار گرایا تھا۔ دوسری طرف، فوج بھی دارفور سمیت کئی علاقوں میں RSF کے خلاف حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور مختلف محاذوں پر برتری حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔