
حیدرآباد: 25فروری 2025(پریس ریلیز)ایم ایس کریٹیو کڈس کی گریجویشن کی سالانہ تقریب ننھے طلباء کی کامیابی کا وہ جشن ہے جب یہ پری پرآئمری کی تعلیم ختم کرنے کے بعدایک نئے عزم اور ولولہ کے ساتھ پرائمری اسکول میں قدم رکھتے ہیں۔ اس موقع پر ہر سال ایک خاص موضوع پر پروگرامس کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ اس سال جلسہ تقسیم اسناد کا موضوع ، ۔ چھوٹے خلفاء : اقدارکے ساتھ تعلیم ۔ مقصد کے ساتھ آگے بڑھنا ، بنایا گیا۔ جو سورہ بقرہ کی ایک آیت نمبر 30 “اللہ تعالی ٰ نے ہم انسانوں کو زمین پر اُس کا خلیفہ یعنی اُس کا نائب بنایا ہے ” سے متاثر ہے۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ایم ایس کرییٹو کڈز کی گریجویشن تقریب اس سال 24، 25 اور 27 فروری کو منایا جارہا ہے یہ پروگرام چھ سیشنز پر مشتمل ہے ۔ یہ پروگرام بھارتیہ ودیا بھون کے آڈیٹوریم، واقع بشیر باغ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ جس میں بچوں نے مختلف قسم کے تعلیمی اور اخلاقی موضوعات پر اسٹیج پروگرامس پیش کیے۔لڑکیوں کی حفاظت اورسماج کی ترقی میں لڑکیوں کا کردار، حفظان صحت اور ایثار و قربانی ویگرعنوانات پر موثر مظاہرے پیش کیے گئے ۔اس پروگرام کی خاص بات یہ کہ ابتدائی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے یہ ننھے منے بچے پروگرام کی کارروائی خود چلاتے ہیں ۔ پروگرام کو تمام سیشنس سے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی و چیئرمین جناب محمد لطیف خان نے خطاب کیا۔ جناب محمد لطیف خان نے کہا کہ بچوں کو کم عمر ہی سے نیکی کے راستے پر چلنے کا عادی بنانا چاہیے۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کو قائم کرنے کا مقصد بچوں کو ایک اچھا مسلمان اور قابل انسان بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو تعلیم دینے کا مقصد ڈاکٹر، انجینئر یا وکیل بنانا نہیں ہے بلکہ انہیں لوگوں کو نفع دینے والا سچا اور اچھا مسلمان بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی فکر ہے کہ تربیت کو نصاب کا حصہ بنانے کی کوشش جاری ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ گریجویشن تقریب ایک نئے دور کا آغاز ہے ۔ تعلیمی نظام میں ایک مثبت تبدیلی یہ لائی جارہی ہے کہ ہر ٹیچر مربی یعنی Nurturer کا کردار ادا کرے گا۔ مستقبل میں بچے اپنے اساتذہ کو مربی یعنی Nurturer کہہ کر پکاریں گے۔ انہوں نے والدین اور سرپرستوں سے پانچ چیزوں کی گزارش کی ہے: بچوں کے لیے رول ماڈل بنیں، بچوں کے ماحول پر نظر رکھیں، بچوں میں قرآن اور سنت سے لگاؤ پیدا کریں، بچوں کے سوالات کا جواب دیں اور بچوں کے حق میں دعا کریں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بچوں کے لباس پر توجہ دینے کی سرپرستوں سے گزارش کی ہے۔
جناب محمد لطیف خان نے مادری زبان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو مادری زبان سکھانے پر خاص توجہ دیں۔ پروگرام میں ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے مینجنگ ڈائرکٹرجناب انور احمد ، وائس چیئرپرسن محترمہ نزہت صوفی خان کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ اکیڈیمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید حمید، ایکزیکیٹیو ڈائریکٹرز جناب محمد اویس خان ومحمد الیاس خان نے بچوں کو ایوارڈز دئیے ۔24، 25 فبروری کو دونوں دن تقریب کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت اور ترجمہ سے ہوا۔ ایم ایس کرییٹو کڈز تقریب اسناد کے سلسلہ میں پروگرام تیسرے دن 27 فروری کو بھارتیہ ودیا بھون کے آڈیٹوریم، واقع بشیر باغ میں جاری رہے گا۔