’منی پور کے لوگ بس انتظار کر رہے ہیں، انتظار اور صرف انتظار‘، پی ایم مودی کے گواہاٹی دورہ پر کانگریس کا حملہ

جئے رام رمیش نے کہا کہ وزیر اعظم نے ایک بار پھر منی پور کی عوام کو گہری مایوسی میں چھوڑ دیا۔ وہ گواہاٹی گئے اور وہاں رات بھی گزاری، لیکن قریب میں ہی منی پور جانے کی ضرورت نہیں سمجھی۔

پی ایم مودی / یو این آئیپی ایم مودی / یو این آئی
پی ایم مودی / یو این آئی
user

وزیر اعظم نریندر مودی کے گواہاٹی دورہ پر کانگریس نے آج اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ناراضگی گواہاٹی دورہ پر نہیں، بلکہ اس کے قریب واقع ریاست منی پور نہ جانے کو لے کر ہے۔ کئی مہینوں سے منی پور میں تشدد والے حالات ہیں، وزیر اعلیٰ نے استعفیٰ بھی دے دیا ہے اور اب وہاں صدر راج نافذ ہے۔ اس کے باوجود پی ایم مودی منی پور کا دورہ نہیں کر رہے۔ اس لیے کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے پی ایم مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ ’’وزیر اعظم نے ایک بار پھر منی پور کی عوام کو گہری مایوسی میں چھوڑ دیا ہے۔ وہ گواہاٹی گئے اور وہاں رات بھی گزاری، لیکن قریب میں ہی منی پور جانے کی ضرورت نہیں سمجھی۔‘‘

جئے رام رمیش نے یہ تبصرہ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’وزیر اعظم کا یہ فیصلہ (منی پور نہ جانے کا) اس لیے بھی حیران کرنے والا ہے، کیونکہ ریاست اس وقت صدر راج کے ماتحت ہے۔ مودی جی آخر کب براہ راست منی پور کی عوام سے گفتگو کریں گے، جنھوں نے گزشتہ 21 مہینوں میں شدید تکلیف اور پریشانیاں برداشت کی ہیں۔ اور یہ سب تب ہوا جب تقریباً 3 سال قبل منی پور کی عوام نے بی جے پی اور اس کے ساتھیوں کو اتنا نتیجہ خیز مینڈیٹ دیا تھا؟‘‘ اس پوسٹ کے آخر میں جئے رام رمیش لکھتے ہیں کہ ’’منی پور کے لوگ بس انتظار کر رہے ہیں… انتظار… اور صرف انتظار۔‘‘

واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل (25 فروری) کو ’ایڈوانٹیج آسام 2.0 سرمایہ کاری و انفراسٹرکچر سمیلن‘ کا افتتاح کیا۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ مشرقی اور شمال مشرقی علاقہ ’ایڈوانٹیج آسام‘ کے ساتھ مستقبل کی طرف ایک نئے سفر کی جانب گامزن ہو رہا ہے، اور یہ ریاست کی حیرت انگیز صلاحیت کو عالمی مواقع سے جوڑ رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *