پیپلی کھیڑا رام نگر روڈ واقع پلاسٹک فیکٹری میں آگ لگنے سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیوں نے 5 گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا لیکن تب تک فیکٹری خاک ہو چکی تھی۔


ہریانہ کے سونی پت ضلع میں پیپلی کھیڑا رام نگر روڈ واقع ایک پلاسٹک فیکٹری میں پیر کی صبح اچانک شدید آگ لگ گٓئی۔ آگ لگنے کے بعد موقع پر افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے اِدھر اُدھر بھاگنے لگے۔ آگ اتنی شدید تھی کہ کئی کلومیٹر تک دھواں ہی دھواں پھیل گیا۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور آگ بجھانے کے لیے اسے سخت مشقت کرنی پڑی۔ فیکٹری کے آس پاس کے لوگوں کو وہاں سے دور کیا گیا۔ اس دوران پولیس کی ٹیم بھی موقع پر موجود رہی۔
بتایا جاتا ہے کہ آگ کی لپیٹ میں آئی اس فیکٹری میں پلاسٹک ڈرم بنائے جاتے ہیں۔ ایسے میں پلاسٹک ہونے کی وجہ سے فیکٹری میں آگ تیزی سے پھیلتے ہوئے خوفناک شکل اختیار کر گئی۔ اس حادثے میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ حالانکہ جب فیکٹری میں آگ لگی اس وقت وہاں کام کرنے والے کئی ملازم موجود تھے۔ انہوں نے وقت رہتے فیکٹری سے باہر نکل کر اپنی جان بچائی۔ اس کے بعد فوری طور پر فائربریگیڈ کو اس آتشزدگی کی اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملنے پر سونی پت گنّور وبڑی صنعتی علاقے سے فائر بریگیڈ کی تقریباً 10 گاڑیاں موقع پر پہنچی اور آگ بجھانے میں لگ گئی۔ تقریباً 5 گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا، لیکن تب تک فیکٹری پوری طرح سے خاک ہو چکی تھی۔ فیکٹری میں آگ لگنے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
فیکٹری میں کافی شدید آگ لگی تھی۔ ایسے میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کافی نقصان ہوا ہوگا۔ حالانکہ مالی نقصان کا ابھی تک کوئی اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔ آگ پر قابو پانے کے بعد اب اس تعلق سے نقصان کا واضح حساب لگایا جا سکے گا۔ ویسے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ سے فیکٹری میں لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ فیکٹری جل کر خاک ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی سونی پت میں کئی الگ الگ فیکٹریاں آگ کی لپیٹ میں آ چکی ہیں اور اس سے کافی نقصان بھی ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔