
عادل آباد۔23/فروری/ریڈینس انگلش میڈیم ہائی اسکول عادل آباد کے زیر اہتمام عادل آباد مستقر کے سنٹرل گارڈن میں ایک شاندار سائنس فیر اور فوڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے نہایت جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ اس موقع پر اسکول کے کریسپانڈنٹ محمد حسیب الدین، ڈائریکٹر تنویر پاریکھ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالہادی اور عتیق الرحمن نے فیسٹیول کی نگرانی کی اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔
فوڈ فیسٹیول میں ریڈینس اسکول کے طلبہ و طالبات نے نہایت خوبصورت اور تخلیقی انداز میں مختلف کھانوں کے اسٹالز لگائے، جہاں مختلف اقسام کے پکوان پیش کیے گئے۔حاضرین نے ان لذیذ پکوانوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے طلبہ کی مہارت کو سراہا۔سائنس فیر میں طلبہ نے سائنسی ماڈلز اور مختلف تجربات پیش کیے، جنہوں نے شرکاء کو حیران کردیا۔ یہ پروگرام نہ صرف طلبہ کی سائنسی مہارتوں کو اجاگر کرنے کا موقع تھا بلکہ تعلیمی میدان میں ان کی دلچسپی کو مزید بڑھانے کا سبب بھی بنا۔اس موقع پر سل سبیل اسلامک کورس کے تحت 15 طلبہ و طالبات نے قرآن کریم کا تیسواں پارہ مکمل حفظ کرنے کا اعزاز حاصل کیا، جس پر انہیں تہنیت پیش کی گئی۔ اسکول انتظامیہ نے اس کامیابی کو دینی تعلیم کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
اس تقریب کے دوران تعلیم کی اہمیت پر ایک خصوصی پروگرام بھی منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے اپنی علمی و ادبی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مقررین نے دینی و عصری علوم کے امتزاج کی ضرورت پر زور دیا اور والدین کو بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی۔فوڈ فیسٹیول اور سائنس فیر میں بڑی تعداد میں خواتین، بچے اور معزز مہمانوں نے شرکت کی، جبکہ علماء کرام نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کی خدمات کو سراہا۔اس شاندار تقریب کے کامیاب انعقاد پر ریڈینس انگلش میڈیم ہائی اسکول
انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور سرپرستوں نے خوشی کا اظہار کیا اور مستقبل میں بھی ایسے تعلیمی و ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔