باہمی احترام کی بنیاد پر ہی مذاکرات ہوں گے، ایرانی وزیرخارجہ کی ڈچ ہم منصب سے ٹیلفونک گفتگو

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ہالینڈ کے وزیر خارجہ کسپر ولڈکیمپ اور ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ٹیلفونک گفتگو کے دوران دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

عراقچی نے بین الاقوامی تعلقات میں قانون کی حکمرانی، اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کا احترام، داخلی معاملات میں عدم مداخلت اور کثیرالجہتی تعاون عالمی امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے ایران کے ذمہ دارانہ رویے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے ہمیشہ اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی حمایت کی ہے۔ اس کی واضح مثال ایران کے پرامن جوہری پروگرام پر مذاکرات اور جوہری معاہدہ ہے۔

عراقچی نے مزید کہا کہ ایران اپنے پچھلے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے یورپی ممالک کے ساتھ غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے کے لیے بات چیت جاری رکھے گا۔

انہوں نے عالمی اور علاقائی امور پر گفتگو کے دوران فلسطین میں اسرائیلی مظالم اور قابض حکومت کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگی جرائم اور نسل کشی کے مقدمات کو بین الاقوامی عدالتوں میں تیزی سے آگے بڑھائے۔

اس موقع پر ہالینڈ کے وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات میں مزید پیشرفت اور علاقائی و بین الاقوامی مسائل کے حل کے لیے مشاورت جاری رکھنے پر زور دیا اور اس سلسلے میں اپنے ملک کی آمادگی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہالینڈ ایران سمیت ہر ملک کی سرحدی سالمیت اور خودمختاری کے احترام کے اصول پر قائم ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *