جامعہ ریاض الصالحات ٹولی چوکی حیدرآبادکے زیر اہتمام سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و عطائے خلعت کا انعقاد

جامعہ ریاض الصالحات ٹولی چوکی حیدرآبادکے زیر اہتمام سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و عطائے خلعت کا انعقاد

مولاناخالد سیف اللہ رحمانی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ،معاون امیر حلقہ جناب محمد اظہر الدین و دیگرکاخطاب

جامعہ ریاض الصالحات ٹولی چوکی حیدرآباد کے زیر اہتمام سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و عطائے خلعت نہایت تزک واحتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔مہمان خصوصی محترم مولانا خالد سیف اللہ رحمانی دامت برکاتہم،صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے اپنے خطاب میں طالبات اور حاضرین کو مفید نصیحتوں سے نوازا۔مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کہا کہ مسلمانوں میں جدید تعلیم یافتہ افراد کی کثیر تعداد بنیادی دینی معلومات سے بھی واقف نہیں ہے۔ ان میں الحاد و بے دینی کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ علماء اور دینی تحریکات سے وابستہ افراد کی ذمہ داری ہے کہ جدید تعلیم یافتہ مسلمانوں کے لیے بھی دینی معلومات سے واقف کرنے کی مسلسل کوشش کرتے رہیں۔ مدرسہ سے فارغ ہونے والی طالبات کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی شریعت کی حقانیت اور افادیت کو برادران وطن کے سامنے بہتر انداز میں پیش کریں اور اسلام کے متعلق موجود غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کرتے رہیں۔ مولانا رحمانی نے کہا کہ موعظت،مجادلہ حسنہ اور دلائل کے ذریعے قائل کرنے کی کوشش کریں۔صدر جلسہ جناب محمد اظہر الدین معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ نے اپنے صدارتی خطاب میں طالبات کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے معاشرے کا مستقبل ہیں۔ آپ وہ چراغ ہیں جو اپنی روشنی سے گھروں کو منور کریں گی اور آئندہ نسلوں کو دین کا شعور دیں گی۔ اس لیے آپ کو چاہیے کہ آپ علم حاصل کرنے میں دل و جان سے محنت کریں اور اپنی زندگی کو اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق ڈھالیں۔ ڈاکٹر محمدمبشر احمد(ناظم شہرجماعت اسلامی ہند، عظیم ترحیدرآباد و صدرجامعہ) نے کہا کہ طالبات علم حاصل کرنے کے ساتھ عملی زندگی میں اصل کردار ادا کریں اورسماج کے لیے رول ماڈل بنیں۔مہمان مقررین جناب اعجاز محی الدین وسیم صدر و خطیب مسجد عزیزیہ،مولانا رکن الدین ندوی،سرپرست جامعہ و صدروفاق العلماء تلنگانہ نے علم کی اہمیت اور علم کے ساتھ عمل کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ا س جامعہ کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔بعد ازاں جامعہ کی طالبات نے مختلف متاثر کن علمی پروگرام پیش کئے جسکو بے حد پسند کیا گیا۔ جامعہ کی صدر معلمہ محترمہ سکینہ آفرین نے جامعہ کی گذشتہ سال کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی اور آئندہ کے منصوبون کا اعلان بھی کیا۔حافظات،عالمات،فاضلات، فہم قرآن آن لائن تعلیم حاصل کرنے والی طالبات واسلامک اسٹڈیز کی طالبات کو محترمہ آسیہ تسنیم (معاون مرکزی سکریٹری شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند)،محترمہ خدیجہ مہوین (سکریٹری شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند تلنگانہ)اور محترمہ زبیدہ وہاب کے ہاتھوں تقسیمِ اسناد وعطائے خلعت سے نوازا گیا۔ اس موقع پر اسلامی ایکسپو بھی منعقد کی گئی تھی جہاں اسلامی تاریخ،تہذیب واقدار کو بہترین تخلیقی انداز میں دلچسپ ماڈلز کے زریعے پیش کیا گیا۔ سامعین نے جلسہ اور اسلامی ایکسپو کے انعقاد کو سراہا اور منتظمین وطالبات کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔جلسہ کے اختتام پرخصوصی دعا کی گئی اور مہمانوں کی تواضع کے ساتھ یہ با برکت و پراثرتقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ اس موقعہ پر اولیاء طالبات،والدین،سرپرستوں،اساتذہ اکرام،معلمات اورخواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *