شہید نصراللہ امت مسلمہ کے لیے مایہ افتخار اور عزت کا باعث تھے، قالیباف

مہر خبررسان ایجنسی کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف شہید سید حسن نصراللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین کے جنازے میں شرکت کرنے کے لئے لبنان کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔

قالیباف نے لبنان روانگی سے قبل کہا کہ وہ رہبر معظم کے دفتر، حکومت، عدلیہ، پارلیمنٹ، شہداء کے اہل خانہ کے نمائندہ وفد اور ثقافتی شخصیات کے ہمراہ جنازے میں شرکت کے لیے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان خاص طور پر ایرانی عوام تمام رکاوٹوں کے باوجود بیروت پہنچ رہے ہیں تاکہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید نصراللہ نے امت مسلمہ کے وقار اور افتخار میں اضافہ کیا۔ دنیا بھر کے بیدار ضمیر رکھنے والے اور حریت پسند ان کو صیہونی نسل کشی کے خلاف مزاحمت کا محور مانتے ہیں۔

قالیباف نے کہا کہ کچھ مہینے پہلے لبنان میں ایک طرف صیہونی جرائم، خونریزی اور نسل کشی تھی اور دوسری طرف حزب اللہ، حماس اور غزہ کے عوام کی مزاحمت۔ آج اگرچہ لبنان نے اپنے کئی عظیم رہنما اور مجاہدین کھو دیے ہیں لیکن ملک میں استحکام اور امن قائم ہے جبکہ صیہونی ریاست دنیا کے سامنے شرمندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران لبنانی اعلی حکام سے ملاقاتیں بھی ہوں گی تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

انہوں نے لبنان میں اقتدار کی تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مزاحمت کی برکت سے لبنان میں نئی حکومت قائم ہوئی اور صدر منتخب ہوا جس سے ایران اور لبنان کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔

قالیباف نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ مزاحمتی محاذ، امت مسلمہ اور خاص طور پر ایران و لبنان کے تعلقات پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔
 

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *