
کیف: یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جمعرات کے روز کہا کہ یوکرین اور روس کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی کیتھ کیلوگ کے ساتھ کیف میں ان کی بات چیت ‘نتیجہ خیز’ رہی۔
مسٹر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر پوسٹ میں کہا، “ہم نے میدان جنگ کی صورتحال، جنگی قیدیوں کو وطن واپس لانے کے طریقہ کار اور موثر حفاظتی گارنٹی کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔”
انہوں نے یوکرین کے لیے امریکہ کی مدد اور دو طرفہ حمایت پر شکریہ ادا کیا اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ “مضبوط، موثر سرمایہ کاری اور سکیورٹی کے معاہدے” پر دستخط کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کیا۔
مسٹر زیلینسکی نے کہا کہ”ہم نے نتائج حاصل کرنے کا تیز ترین اور تعمیری طریقہ تجویز کیا ہے”۔
مسٹر کیلوگ بدھ کے روز کیف پہنچے تھے اور اسی روز مسٹر زیلینسکی سے ملے۔
یوکرین کے صدارتی ترجمان کے مطابق مسٹر زیلینسکی اور مسٹر کیلوگ کے درمیان مشترکہ پریس کانفرنس امریکی فریق کی درخواست پر نہیں ہوئی۔
مسٹر کیلوگ نے جمعرات کے روز یوکرین کے وزیر خارجہ اینڈری سے بھی ملاقات کی جس میں یوکرین میں “جامع، منصفانہ اور دیرپا امن” کی جانب طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔