
حیدرآباد شہر میں جمعرات کی شام اچانک موسم تبدیل ہوگیا ۔ جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔ گرمی سے پریشان عوام کو اس خوشگوار تبدیلی سے کچھ راحت ملی۔
دلسکھ نگر، کتہ پیٹ، اور ناگول سمیت کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی طرح رنگا ریڈی ضلع کے ابراہیم پٹنم اسمبلی حلقے کے یاچارم منڈل اور اطراف کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہورہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں تلگو ریاستوں میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے نتیجے میں شمال مشرقی ریاستوں میں شدید بارش، جبکہ دیگر کچھ علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے چند مقامات پر طوفانی ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔