
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج حیدرآباد ہاؤس میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا گرمجوشی سے استقبال کیا دونوں رہناوں کے درمیان دطرفہ بات چیت ہوگی اور پھر بعد میں کئی مفاہمت ناموں پر دستخط کیے جائیں گے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا “وزیر اعظم نریندر مودی نے حیدرآباد ہاؤس میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا پرتپاک استقبال کیا یہ دونوں ممالک کے درمیان خصوصی ہندوستان-قطر شراکت داری کے لئے ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔
آج صبح قطر کے امیر کا راشٹرپتی بھون میں رسمی استقبال کیا گیا۔ مودی اور صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون میں قطر کے امیر کا خیرمقدم کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔
اس سے پہلے پیر کی شام کو مسٹر مودی امیر قطر کے استقبال کے لیے ہوائی اڈے پر گئے جہاں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر خوش آمدید کہا، بعد میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی پیر کی شام امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔
قطری ریڈ آؤٹ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کے تعلقات کے علاوہ تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی اور ان کے ساتھ آنے والے سرکاری وفد کے کئی سینئر اراکین نے شرکت کی۔ آج شام، قطر کے امیر اور محترمہ مرمو راشٹرپتی بھون میں ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد امیر قطر رات کو اپنے وطن روانہ ہوں گے۔