دو خواتین نے نومولود بچے کو پلاسٹک کور میں ڈالکر سڑک پر پھینک دیا۔ حیدرآباد میں انسانیت سوز واقعہ

حیدرآباد کے علاقہ الوال میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں دو خواتین نے ایک نومولود بچے کو پلاسٹک کے کور میں لپیٹ کر مندر کے قریب چھوڑ دیا اور فرار ہو گئیں۔

 

یہ دل دہلا دینے والا منظر قریب میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگیا۔ ویڈیو فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ دو خواتین ایک بچے کو لے کر مندر کے قریب پہنچیں، اسے چھوڑا اور فوراً وہاں سے فرار ہو گئیں۔

 

مقامی لوگوں نے بچے کی موجودگی کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور نومولود کو علاج کے لیے نیلوفر ہاسپٹل منتقل کر دیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد بچے کو بہتر نگہداشت کے لیے شیشو وہار بھیج دیا گیا۔

 

پولیس نے اس معاملہ میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم خواتین کی شناخت اور تلاش شروع کر دی ہے۔ یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ یہ بچہ ان خواتین کا تھا یا کہیں اور سے لا کر یہاں چھوڑا گیا۔

 

اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد علاقے میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے اور مقامی لوگ اس غیر انسانی حرکت کی سخت مذمت کر رہے ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *