
تلنگانہ کے اندول حلقہ میں ایک 15سالہ لڑکی اپنے والد کو اشرار کے حملہ میں بچانے کے دوران جاں بحق ہوگئی ۔مجلس کے رکن اسمبلی کوثر محی الدین نے اندول کے انتھارام گاؤں، کا دورہ کیا اور محمد اسماعیل کے گھر جا کر ان کی بیٹی عالیہ بیگم کے انتقال پر تعزیت پیش کی۔
بتایا جاتا ہے کہ 11فروری کو محمد اسماعیل اپنے گھر کے قریب کھیتوں میں پیشاب کر رہے تھے، جہاں ویراریڈی اور وجے ریڈی موجود تھے۔ جس پر ان دونوں نے محمد اسماعیل پر حملہ کیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی۔ اپنے والد پر حملہ ہوتے دیکھ کر عالیہ بیگم نے انہیں بچانے کی کوشش کی، لیکن ان پر بھی شدید حملہ کیا گیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔
۔ شدید زخمی حالت میں عالیہ بیگم کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں وہ 15 فروری تک نازک حالت میں زیر علاج رہیں۔ 15 فروری کی رات ان کا انتقال ہو گیا اور 16 فروری کو ان کی تدفین عمل میں آئی۔
اس دوران، کوثر محی الدین نے سنگاریڈی ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روپیش سے ملاقات کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔