
حیدرآباد: محکمہ اقلیتی بہبود کے اسپیشل سکریٹری تفسیر اقبال نے کہا کہ مکہ مسجد کی تزئین نو اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے بجٹ میں 3.3 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے خاطر خواہ بجٹ دیا گیا ہے۔
اس رقم سے مکہ مسجد میں ترقیاتی کام کئے جائیں گے۔ تفسیر اقبال نے آج کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے رکن اسمبلی حلقہ چارمینار میر ذوالفقار علی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کیا۔
اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک اور بیرون ممالک کے سیاح اور بیرونی ممالک کے سفراء جب کبھی حیدرآباد آتے ہیں تو وہ چارمینار اور مکہ مسجد جیسی تاریخی عمارتوں کا دورہ کرتے ہیں۔ ان سیاحوں میں تمام مذاہب کے ماننے والے قائدین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی مکہ مسجد کو صاف ستھرا رکھنے اور اسے خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ رمضان المبارک کے دوران مصلیان مسجد کو سہولت ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مکہ مسجد میں افطار اور سحر کے مواقع پر بہتر سہولتیں فراہم کئے جائیں گے کیونکہ ان دو مواقع پر مسلمانوں کی کثیر تعدادیہاں جمع ہوتی ہے‘ اس ضمن میں ایک خصوصی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ رکن اسمبلی میر ذوالفقار علی نے کہا کہ ماہ رمضان کے موقع پر پرانے شہر کے علاوہ شہر کے مختلف خصوص سے مسلمان تاریخی مکہ مسجد میں تراویح پڑھنے کے لئے آتے ہیں۔
اس مسجد میں 8 تا 10 ہزار فرزندان توحید کے لئے نماز کی ادائیگی کی سہولت‘ گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر ڈائرکٹر مائناریٹی ویلفیر یاسمین باشا‘ صدرنشین ٹمریز فہیم الدین قریشی کے علاوہ محکمہ برقی‘ پولیس وقف بورڈ‘ آر ٹی سی اور دیگر محکموں کے عہدیدار موجود تھے۔