جعلی برتھ سرٹیفکٹ کیس، مسلمانوں میں بے چینی، ایس آئی ٹی کی غیرمنصفانہ تحقیقات

مالیگاؤں: مالیگاؤں میں جعلی صداقتنامہ پیدائش (برتھ سرٹیفکٹ) پیش کرنے کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی جانب سے تحقیقات نے مقامی عوام میں بے چینی پیدا کردی ہے۔

مسلم قائدین نے تحقیقات جانب دارانہ اور سیاسی محرکات پر مبنی ہونے کے الزامات عائد کئے ہیں۔ مقامی سیاسی قائدین کے اتحاد مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی نے ایس آئی ٹی کے طریقہ کار پر عدم اعتماد کا کھل کر اظہار کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ تحقیقات میں شہر کی اقلیتی برادریوں کو نامناسب طور پر نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اس کیس کے سلسلہ میں اب تک 6 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ اس معاملہ میں ملوث ایک وکیل نے پیشگی ضمانت کی درخواست داخل کی ہے۔ مزید دو سرکاری عہدیداروں کو تحقیقات کے ایک حصہ کے طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

بہرحال ایس آئی ٹی کی کارروائیوں پر مقامی قائدین نے سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ فرقہ وارانہ کشیدگی بھڑکانے کے لئے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ سابق رکن اسمبلی آصف شیخ کی زیرقیادت مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی نے ہفتہ کے روز اپنی ایک پریس کانفرنس میں اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

شیخ نے کہا کہ ایس آئی ٹی کی کارروائیوں میں مالیگاؤں کے غریب اور کم تعلیم یافتہ افراد کو نشانہ بنایا جارہا ہے جو اپنے برتھ سرٹیفکٹ میں غلطیوں کو دور کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ انتظامیہ کا رویہ ان کے ساتھ غیرمنصفانہ ہے۔ ہم ایس آئی ٹی پر بھروسہ نہیں کرتے کیونکہ وہ دیانتدارانہ اور شفاف تحقیقات نہیں کررہی ہے۔ یکطرفہ کارروائی سے عوام میں بے چینی پیدا ہورہی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *