بھگدڑ واقعہ، مسلمان قلی کی بروقت مدد، 4 سالہ بچی اور دیگر کئی لوگوں کی جان بچ گئی (ویڈیو)

نئی دہلی: نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر افراتفری اور المیہ کے دوران ایک مسلم قلی محمد ہاشم ہیرو بن گئے۔ بھگدڑ کے دوران جس میں 18 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہاشم نے اپنی جان پر کھیل کر کئی بچوں کو بچایا۔

جن میں ایک 4 سالہ لڑکی بھی شامل ہے جس کے بارے میں یہ سمجھ لیا گیا تھا کہ وہ مرچکی ہے۔ ہاشم نے اس خوفناک واقعہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ اس وقت ڈیوٹی پر موجود قلیوں نے کمبھ میلہ کے یاتریوں کی مدد کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جو ریلوے اسٹیشن پر پھنس گئے تھے۔

ہاشم نے کہا کہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر قلی کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے میں نے اپنی پوری زندگی میں کبھی ایسا خوفناک منظر نہیں دیکھا۔ ریلویز نے گزشتہ کئی مواقع پر بڑے ہجوموں کے لئے بہترین انتظامات کئے ہیں لیکن میں نہیں جانتا کہ اس دن کیا ہوا تھا۔ ہاشم نے بتایا کہ اس دن ہم معمول کے مطابق کام کررہے تھے۔

اچانک چیخنے کی آوازیں سنائی دیں۔ تمام قلی ہجوم کی طرف بھاگے وہاں کا منظر دلخراش تھا۔ بچے زمین پر پڑے ہوئے تھے۔ لوگ ہر سمت میں دیوانہ وار بھاگ رہے تھے۔ لوگ چیخ رہے تھے۔ ہم نے کئی بچوں کو کھینچ کر ہجوم سے باہر نکالا۔ بعض لوگ فوت ہوچکے تھے اور بعض بیہوش ہوگئے تھے۔

ہم انہیں اپنی بنڈیوں پر ایمبولینس تک لے گئے۔ ہاشم نے جن لوگوں کو بچایا ان میں ایک 4 سالہ بچی بھی شامل تھی جس کی ماں نوحہ کررہی تھی، وہ سمجھ رہی تھی کہ اس کی بچی فوت ہوچکی ہے۔

ہاشم نے کہا کہ میں نے لڑکی کو کھینچ کر نکالا اور چند منٹ بعد وہ سانس لینے لگی۔ اس کی ماں کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو بہنے لگے۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ہم بہادر ہیں یا پھر ہم بے وقوت تھے کہ اپنی جان جوکھم میں ڈالی لیکن ہم نے کئی لوگوں کو بچانے میں کامیابی حاصل کی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *