مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا: ایران شہید سید حسن نصر اللہ کی نماز جنازہ میں اعلیٰ سطح پر شرکت کرے گا۔
انہوں نے تہران اور بیروت کے درمیان پروازوں کی بحالی کے بارے میں کہا کہ اس سلسلے میں عراقچی اور ان کے لبنانی ہم منصب کے درمیان مثبت اور تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔
بقائی نے مزید کہا کہ فریقین نے ایران اور لبنان کے باہمی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے مسئلے کے حل کی طرف بڑھنے اور تیسرے فریق کو اس معاملے میں مداخلت کی اجازت نہ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لبنانی فریق کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور ہمیں امید ہے کہ دونوں ملکوں کے اعلی حکام ایک معقول حل تک پہنچ جائیں گے جس سے ایران اور لبنان کے عوام کے مفادات محفوظ ہوں گے۔