نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 15 پر جابجا جوتے، بیاگ اور کپڑے بکھرے پڑے تھے (ویڈیو)

نئی دہلی(پی ٹی آئی) نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ مچنے کے چند گھنٹے بعد ریلوے اسٹاف نے پلیٹ فارمس کی صفائی کا کام شروع کیا جو رات بھر جاری رہا۔ پلیٹ فارم نمبر14 اور 15 پر جابجا جوتے، پھٹے ہوئے بیاگ اور کپڑے بکھرے پڑے تھے۔

اتوار کی صبح ورکرس جھاڑو لگاتے اور ملبہ صاف کرتے دیکھے گئے۔ وہ لوگوں کا سامان اکھٹا کررہے تھے تاکہ مصروف ریلوے اسٹیشن کی صورتحال معمول پر آجائے۔ ریلوے کے ایک ملازم نے جس نے ملبہ کی صفائی میں کئی گھنٹے لگائے کہاکہ اُس نے آج تک ایسا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ جابجا سامان بکھرا پڑا ہے۔

چپل جوتے، تھوڑا کھاکر چھوڑدیا گیا کھانا اور ایک بچہ کا اسکول بیاگ بھی پایاگیا۔ لوگوں کو سامان اُٹھانے کا وقت ہی نہیں ملا۔ وہ جان بچانے کیلئے دوڑرہے تھے۔ ہفتہ کی رات 9:55بجے کے آس پاس بھگدڑ مچی تھی۔ ہزاروں مسافرین پلیٹ فارمس پر جمع تھے۔

زیادہ تر مسافرین مہا کمبھ یاتری تھے جو پریاگ راج جانے والی گاڑیوں میں سوار ہونے کیلئے آئے تھے۔ پریاگ راج ایکسپریس پلیٹ فارم نمبر 14 پر کھڑی تھی۔ سوتنتر سینانی ایکسپریس اور بھوبنیشور راجدھانی ایکسپریس تاخیر سے چل رہی تھیں جس کی وجہ سے پلیٹ فارم نمبر 12، 13 اور 14 پر بھیڑ اکھٹا ہوگئی۔ صورتحال لمحہ آخر میں پلیٹ فارم تبدیل کرنے کے اعلان سے ہوئی۔

لوگ اُلجھن میں مبتلاء ہوگئے۔ مسافرین پلیٹ فارم نمبر 16 کی طرف دوڑ پڑے۔ اسکلیٹر پر گنجائش سے زیادہ لوگ آگئے۔ سیکوریٹی عملہ نے کوشش کی لیکن بھیڑ اتنی زیادہ تھی کہ وہ کنٹرول نہیں کرسکے۔ لوک نائک جئے پرکاش نارائن ہاسپٹل میں غمزدہ لوگ اپنوں کی شناخت کیلئے جمع تھے۔

ایک باپ اپنے لاپتہ بیٹے کو ڈھونڈ رہا تھا۔ وہ ریلوے اسٹیشن سے اکھٹا کردہ لگیج میں اپنے بیٹے کا بلو بیک پیک دیکھ کر روپڑا۔ اُس نے کہاکہ میرا بیٹا صرف 12 سال کا تھا اُسے میرے ساتھ گاڑی میں سوار ہونا تھا۔ ایک ماں اپنی لاپتہ بیٹی کو ڈھونڈ رہی تھی۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *