
سنبھل(پی ٹی آئی) سنبھل میں شاہی جامع مسجد کے سروے کے دوران پھوٹ پڑے تشدد میں ملوث 74 مشتبہ ملزمین کے پوسٹرس پولیس نے عام مقامات پر چسپاں کیے ہیں اور ان کا پتہ چلانے میں مقامی عوام سے مدد مانگی ہے۔
24 نومبر کو ہوئے تشدد کے مشتبہ ملزمین کی تصاویر سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ حاصل کی گئی ہیں۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) شریش چندر نے کہا کہ سی سی ٹی وی میں جن مشتبہ ملزمین کی تصاویر قید ہوئی ہیں وہ براہِ راست تشدد میں ملوث تھے۔
اُن کی شناخت کی ہنوز توثیق نہیں ہوئی ہے، لہٰذا ان کی پہچان کرنے میں عوام کی مدد حاصل کرنے کیلئے اُن کی تصاویر عام مقامات پر چسپاں کی گئی ہیں۔
اُنھوں نے بتایا کہ ان 74 اشرار کی شناخت کے لیے ٹھوس ثبوت فراہم کرنے والے مخبروں کو نقد رقم انعام دی جائے گی۔ یہ پوسٹرس نہ صرف سنبھل کے شہری علاقوں میں بلکہ عام مقامات پر بھی چسپاں کیے گئے ہیں۔ اِس تشدد کے نتیجہ میں کئی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی تھیں اور 76 ملزمین کو جیل بھیجا جاچکا ہے۔