بنگال کے دینی مدارس میں ملک دشمنی کی تعلیم۔ ایس آئی ٹی تحقیقات کا مطالبہ (ویڈیو)

ناگپور: مدھیہ پردیش کے کابینی وزیر کیلاش وجئے ورگیہ نے الزام لگایا ہے کہ مغربی بنگال میں بعض دینی مدارس ملک دشمن آئیڈیالوجی کو فروغ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انٹلیجنس ایجنسیاں اس معاملہ کی سرگرمی سے تحقیقات کررہی ہیں۔ وجئے ورگیہ نے جمعرات کے روز یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بنگال کے مدرسوں میں ملک دشمنی کی تعلیم دی جارہی ہے۔ بعض مقامات پر شواہد دستیاب ہوئے ہیں حالانکہ چند مدرسے مناسب انداز میں بھی کام کررہے ہیں۔

بی جے پی لیڈر نے جو قبل ازیں مغربی بنگال کے ریاستی انچارج بھی تھے‘ کہا کہ میں بنگال میں رہ چکا ہوں اور یہ جانتا ہوں کہ بعض مدرسے ملک دشمن آئیڈیالوجی کو فروغ دینے میں ملوث ہیں۔

تعلیمی اداروں میں مبینہ ملک دشمن سرگرمیوں کے مسئلہ کو مہاراشٹرا کے وزیر اور بی جے پی لیڈر نتیش رانے نے مزید بڑھاچڑھاکر پیش کیا۔ انہوں نے چہارشنبہ کے روز الزام لگایا کہ ضلع نندوربار میں ایک اقلیتی ادارہ نے ایک یمنی شہری کو پناہ دی تھی۔

انہوں نے چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر پھڈنویس کو ایک مکتوب روانہ کیا اور کہا کہ وہ اس معاملہ کی تحقیقات کے لئے خصوصی تحقیقات ٹیم(ایس آئی ٹی) تشکیل دیں۔ رانے کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وجئے ورگیہ نے کہا کہ میں نتیش رانے کے بیان کی مکمل توثیق نہیں کرتا۔ ہوسکتا ہے کہ بعض مدارس ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہورہے ہوں لیکن دیگر اچھا کام کررہے ہیں۔ بہرحال سچائی کا پتہ چلانے تحقیقات کی ضرورت ہے۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *