ڈونالڈ ٹرمپ کے بے حد قریبی اور وفاقی اخراجات میں کٹوتی کی مہم کی قیادت کے لیے منتخب مشہور ارب پتی ایلون مسک نے امریکہ کے دیوالیہ ہونے کا انتباہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر امریکہ نے اپنے بجٹ میں کمی نہیں کی تو ملک دیوالیہ ہو سکتا ہے۔ ٹرمپ کی نئی حکومت کے ذریعہ بنائی گئی ایجنسی ‘ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفی سی اینشی (ڈی او جی ای)’ کے سربراہ نے منگل کو وہائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کے ساتھ پریس کانفرنس میں اپنی اس فکر مندی کا اظہار کیا۔
مسک نے خاص طور پر ملک کے بڑھتے بجٹ گھاٹے پر تشویش ظاہر کی، جو گزشتہ مالی سال میں 1٫8 ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اخراجات میں کمی اب کوئی متبادل نہیں بلکہ لازمیت بن چکی ہے۔ لیکن ٹرمپ انتظامیہ کی یہ سخت مالی پالیسیاں قانونی تنازعات میں پھنستی جا رہی ہیں۔